غزل
جب سے کہ ہے دل میں مرے احساس کا ڈیرا
ہر لمحہ یہاں رہتا ہے بس درد کا پھیرا
ہم نے ہی چراغاں کیا ہر راہ گزر پر!
اپنے ہی گھروں میں رہا ظلمت کا بسیرا
جب قلب مسرت کی شعاعوں سے ہو روشن
اس عہد میں آئے گا کبھی ایسا سویرا
تم گھر سے تو نکلو لئے اک عزم کی مشعل
ہو جائے گا کافور مصیبت کا اندھیرا
میں نے تو ترے واسطے دنیا ہی لٹا دی
تو پھر بھی کسی طرح نہ اب تک ہوا میرا
ہر شاخ بریدہ ہے، ہر اک پھول ہے زخمی
سنتے ہیں چمن میں ہے بہاروں کا بسیرا
سلیمان صدیقی
__________________________
A Ghazal by Suleman Siddiqui |
ہم نے ہی چراغاں کیا ہر راہ گزر پر، اپنے ہی گھروں میں رہا ظلمت کا بسیرا... بہت خوب، بہت عمدہ
ReplyDelete